اسلام آباد: نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کے موقع پر موبائل سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی۔
نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بیان میں کہا کہ سیکورٹی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ حکومت کی جانب سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی۔ کسی جگہ امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو مقامی انتظامیہ صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلہ کرسکتی ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ غیر معمولی صورتحال غیرمعمولی حل کا تقاضا کرتی ہےلیکن اب تک ایسی کوئی غیر معمولی صورتحال موجود نہیں۔ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، فیک نیوز اور پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جبکہ سیکورٹی سنجیدہ مسئلہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے پاکستان کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔
نگراں وزیر اطلاعات کے مطابق کابل میں افغان طالبان کی عبوری حکومت قائم ہونے کے بعد پاکستان میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف گذشتہ برس دہشت گردی کے تقریباً 1500 واقعات ہوئے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مقامی، غیر ملکی صحافیوں اور مبصرین کی سہولت کے لیے وزارت اطلاعات نے ایک آن لائن ہیلپ لائن قائم کی ہے۔