بنوں: دہشت گردوں کی جانب سے بنوں میں تھانہ میریان پر حملہ کیا گیا، تاہم جوابی فائرنگ سے حملہ آور پسپا ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ میریان پر دہشت گردوں کی جانب سے دُور سے فائرنگ کی گئی، جس کی زد میں آکر وہاں نصب تھرمل کیمرے ناکارہ ہو گئے۔
جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور پسپا ہو گئے۔ واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں نے تھانے پر دو اطراف سے حملہ کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بنوں میں پولیس پارٹی پر حملہ، اے ایس آئی سمیت 2 پولیس اہلکارشہید، دہشتگرد ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ضلع بنوں کے علاقے تھانہ میریان کی حدود میں پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث ایک دہشت گرد کو آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا تھا۔آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔
تھانہ میریان کی حدود ٹیری رام میں پولیس پارٹی پر ایک دہشت گرد نے حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ اس دوران جوابی فائرنگ میں دہشتگرد زخمی بھی ہوا، جو فرار ہوکر ایک گھر میں جا چھپا تھا۔ بعد ازاں آپریشن کے دوران پولیس اہل کار گھر میں داخل ہوئے تو دہشت گرد نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر اے ایس آئی سمیت 2 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔