کراچی: سندھ میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹریبونلز تشکیل دے دیے گئے۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملات کے حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے صوبے بھر میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت کے لیے ٹربیونل تشکیل دے دیے، اس حوالے سے رجسٹرار سندھ ہائی کورت نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں الیکشن پٹیشن کی سماعت کے لیے 2 بینچ تشکیل دیے گئے ہیں۔ بینچ ون جسٹس محمد کریم خان آغا اور بینچ ٹو جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل ہوگا۔
سکھر ڈویژن میں الیکشن پٹیشنز کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور حیدر آباد ڈویژن میں جسٹس امجد علی سہتو سماعت کریں گے۔ لاڑکانہ ڈویژن کی الیکشن پٹیشنز کی سماعت جسٹس محمد سلیم جیسر کریں گے۔
رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے صوبے میں الیکشن پٹیشن کی سماعت کے لیے ٹربیونل کی تشکیل کے لیے خط لکھا تھا۔ الیکشن ٹریبونلز انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی سے متعلق سماعت کرے گا۔