لاہور: پنجاب اسمبلی کے 2 مزیدآزاد ارکان پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ بن گئے۔
ذرائع کے مطابق پی پی 180قصور سے کامیاب آزاد امیدوار احسن رضاخان اور پی پی 128جھنگ فور سے کرنل (ر) غضنفر قریشی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سےاحسن رضاخان اور کرنل (ر) غضنفر قریشی نے ملاقات کی، مریم نواز نے دونوں کی ن لیگ میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور انہیں مبارک باد دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کی حمایت ملک کو تباہی سے ترقی کی طرف واپس لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتشار ختم کرکے پاکستان کو استحکام کی طرف لے جاناچاہتے ہیں، پنجاب کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کی جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی ترقی، تعمیر، عوام کی خوش حالی کی روایت کو نئے جذبے سے آگے بڑھائیں گے۔
اس موقع پر احسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی نے مریم نوازشریف کو وزیراعلی پنجاب نامزد ہونے پر مبارک باد دی۔