پشاور: خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں اور مختلف اضلاع میں ہونے والی برفباری اور بارش کے باعث اموات 6 تک پہنچ گئی، جن میں دو کمسن بھائیوں سمیت تین بچے بھی شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف بالائی علاقوں میں گزشتہ تین روز سے ہونے والی مسلسل برفباری اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 3 بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دوران بارش مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے ایک مرد، خاتون اور دو بچے ہلاک ہوئے جبکہ 14 زخمی ہوئے جن میں پانچ مرد، 8 خواتین اور 1 بچہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 2 گھروں کو مکمل اور 16 کو جزوی نقصان پہنچا، ضلع کرم میں ایک بچہ، مرد اور چار خواتین زخمی ہوئے جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں ایک مرد، خاتون، مردان میں 1 مرد اور 1 خاتون، سوات میں 1 مرد اور اپر دیر میں 1 بچہ جاں بحق جبکہ 1 مرد زخمی ہوا۔
اس کے علاوہ ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ پیپل میں دو کمسن بھائی تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے، جن کی شناخت پانچ سالہ مشال اور چھ سالہ دانیال کے ناموں سے ہوئی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے ندی میں پانی جمع ہوگیا تھا، جس میں دونوں بچے ڈوب گئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو کرکے بچوں کی لاشیں تالاب سے نکالیں۔