اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں بیرون ممالک میں 23 ہزار 456 پاکستانی شہریوں کے قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین ولید اقبال کے زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں وزارت خارجہ نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کردیں، جس کے مطابق 23456 پاکستانی بیرون ملک قید ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے وزارت خارجہ کے اعدادوشمار شمار کمیٹی کو پڑھ کر سنا ئے، چیئرمین کمیٹی کے مطابق سعودی عرب میں 12 ہزار 156، قطر میں 338، یو اے ای میں 5 ہزار 292 ، عراق میں 519 پاکستانی باشندے قید ہیں۔
وزارت خارجہ حکام کی کمیٹی کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بحرین میں قید پاکستانیوں کی تعداد 450، برطانیہ میں 330، امریکا میں 44، ترکی میں 308، ملائشیا میں 255 پاکستانی جیلوں میں ہیں۔
اسی طرح اٹلی میں330، ایران میں 100، کویت میں 59 ، بھارت میں 706، یونان میں811، چین میں 400 اور افغانستان میں 88 پاکستانی شہری قید ہیں۔
وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ بیرون ممالک میں قید پاکستانیوںٓ میں سے 15 ہزار 587 سزایافتہ اور 7ہزار 869 انڈر ٹرائل ہیں۔
کمیٹی میں پرزنر ٹرانسفرایگریمنٹ(قیدیوں کے تبادلے کامعاہدہ) سے متعلق معاملہ زیر بحث آیا، جس پر وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ 11ملکوں کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہے۔
ان ممالک میں آذر بائیجان ،چین، ایران،جنوبی کوریا،سری لنکا، سعودی عرب، تھائی لینڈ ،ترکی، یو اے ای اور برطانیہ شامل ہیں۔
بریفنگ کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے وزارت خارجہ کو90 دن میں یونیفارم کونسلر پروٹیکشن پالیسی بنانے اورپرزنر ٹرانسفرایگریمنٹ کی تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کرنے کی ہدایت کردی۔