اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے دھاندلی کے الزامات پر تحقیقات مکمل کرلیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈی آر اوز اور آ راوز نے سابق کمشنر کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی آج آخری اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کو رپورٹ پیش کرے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 ڈی آر اوز کے تحریری بیانات ریکارڈ کیے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں قومی اسمبلی کے 13 اور صوبائی اسمبلی کے 26 ریٹرننگ افسروں کے بیانات بھی قلم بند کیے گئے۔ سابق کمشنر راولپنڈی کے دھاندلی سے متعلق الزامات کی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کو بھی تحقیقاتی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔