لاہور: پولیس نے چیئرنگ کراس پر پیپلز پارٹی کا استقبالیہ کیمپ اکھاڑ دیا، کارکنوں نے پولیس گردی نامنظور اور زندہ ہے بھٹو کی نعرے بازی کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے لاہور چیئرنگ کراس پر کیمپ لگایا گیا تھا تاہم پولیس نے سیکیورٹی وجہ قرار دیتے ہوئے اسے اکھاڑ دیا۔ کمیپ اکھاڑنے پر کارکنوں نے پولیس گردی مردہ باد، زندہ ہے بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے۔
واقعے کے بعد مقامی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی جس میں عزیز ملک، عامر نصیر بٹ، نصیر احمد، شاہد عباس ایڈوکیٹ، راؤ خالد ایڈوکیٹ، عارف خان، صداقت شیروانی، محسن۔ملہی، یاسر بارا، ثاقب بٹ، منصور کٹاریہ، راؤ شجاعت اور نونی مہر شریک تھے۔
رہنما اسلم گل نے کہا کہ ایس ایس پی آپریشن نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر کیمپ نہیں لگنے دیا، آج صدر مملکت کا الیکشن ہو رہا ہے، لاہور انتظامیہ اور پولیس ہمیں کیمپ نہیں لگانے دے رہی، ہمارے ٹینٹ اور دیگر اشیاء لاہور پولیس نے اکھاڑ دئیے ہم کوئی احتجاج نہیں صدر کے جیتنے کی خوشی میں کیمپ لگارہے ہیں، صبح سے یہ ایریا پولیس کی نفری سے بھرا ہوا ہے ایس ایس پی علی رضا نے دھمکی دی کہ کیمپ لگایا تو پولیس فورس دیکھ لے گی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز لاہور انتظامیہ کے روئیے کا فوری نوٹس لیں۔
اسلم گل نے کہا کہ قائم مقام ڈی آئی جی آپریشن کہتا ہے کہ اٹھا کر پھینک دیں گے ایس ایس پی آپریشن امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، چیف سیکرٹری اور آئی جی اس پولیس گردی کا فوری نوٹس لیں۔