پشاور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نومئی کے مقدمات میں غیر حاضری پر 47 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
زرائع کے مطابق نومئی کو توڑ پھوڑ کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے وزراء اور ارکان اسمبلی سمیت 131 ملزمان کی کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کی۔
سنی اتحاد کونسل کے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، ارکان اسمبلی شیر علی ارباب، محمد آصف سمیت 84 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ 47 ملزمان غیر حاضر رہے۔ عدالت نے تمام غیر حاضر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے کہا کہ تھانہ خان رازق شہید کے ایس ایچ او عدالتی حکم کی تعمیل کریں، متعلقہ ایس ایچ او تمام غیر حاضر ملزمان کو اگلی سماعت پر پیش کریں۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان پر نو مئی کو تھانہ خان رازق شہید کی حدود میں احتجاج کا الزام ہے، ملزمان پر احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج ہے، تھانہ خان رازق شہید پولیس اسٹیشن میں نو مئی کو 121 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں پی ٹی آئی کے سابق وزراء سمیت موجودہ متعدد ارکان اسمبلی، بلدیاتی نمائندے اور کارکنان نامزد کیے گئے۔ ملزمان کے خلاف اے ٹی سی عدالت میں ٹرائل شروع کردیا گیا ہے۔ ٹرائل کے دوران اب تک 84 کے قریب ملزمان پیش ہوئے ہیں۔ باقی ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیا گیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 21 مارچ تک ملتوی کردی۔