اسلام آباد: وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ افسران نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافی برادری کے لیے کھلے رہیں گے۔ ملک میں مثبت اور تعمیری صحافت کو فروغ دینے اور حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے میڈیا کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے، اس کردار کو بہتر طریقے سے نبھانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ عطا اللہ تارڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور حلقہ این اے 127 لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایوان صدر میں بحیثیت وفاقی وزیر حلف اٹھانے کے بعد آج سے وزارت اطلاعات میں اپنی ذمے داریاں سنبھالی ہیں۔