اسلام آباد: ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کر دیا۔
عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار عبد الہادی نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 مارچ 2024 کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے احکامات جاری کیے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جان بوجھ کر حکم عدولی کرتے ہوئے ملاقات نہ کرائی لہٰذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 15 مارچ کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔