لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔
مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ائرایمبولینس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فنانس، ڈاکٹر عدنان، سیکرٹری ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہمارے لوگ بروقت اسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ دُور دراز علاقو ں میں حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت اسپتال پہنچانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرگودھا اسپتال میں ہارٹ ٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔ موٹروے پر بھی ریسکیو 1122سروس شروع کی جائے گی۔ پنجاب میں بہت جلد ائرایمبولینس سروس کاآغاز بھی کردیاجائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔