کراچی: سندھ میں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمروں کی تنصیب رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
آئی جی سندھ رفعت مختار راجا کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم ایس فور پروجیکٹ پر اب تک کی پیش رفت وجملہ امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ شہر کے داخلی وخارجی مقامات پرجدید کیمروں کی تنصیب کا کام رواں ماہ تک مکمل کرلیا جائے اور اس ضمن میں ہر ممکن روابط اور معاونت کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے داخلی و خارجی مقامات پر خصوصی کیمروں کی تنصیب سے جرائم کے خلاف پولیس کارروائیوں کو مزید تقویت ملے گی اور شہروں میں داخل ہونے اور باہرجانے والی گاڑیوں کی شناخت کوممکن بنایا جا سکے گا۔
اجلاس کو ڈی آئی جی آئی ٹی نے دوران بریفنگ سندھ اسمارٹ سرویلنس سسٹم ایس فورکے تحت اب تک کے امور کے بارے میں بتایاکہ سندھ کے 18 داخلی و خارجی مقامات پر جدید کیمرے نصب کردیے گئے ہیں۔ ایم نائن کے علاوہ کراچی کی 16 لوکیشنز پر کیمروں کی سہولت فعال ہے جب کہ سندھ کے دیگر اضلاع کے منتخب کردہ مقامات پر بھی جدید کیمرے جلد ہی فعال کردیے جائیں گے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے کمانڈاینڈکنٹرول سینٹرمیں قائم ایس فورمنصوبے کا دورہ بھی کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز، ہیڈکوارٹرز،آئی ٹی، اسٹیبلشمنٹ، آر آرای سمیت اے آئی جیز آئی ٹی،آپریشنز،کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سی پی او،اور پروجیکٹ ڈائریکٹر آئی ٹی نے شرکت کی۔