اسلام آباد ، پشاور: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد اور پختونخوا سے امید واروں کی حتمی فہرستیں جاری کردیں۔
ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ سینیٹ کی ایک جنرل اور ایک ٹینوکریٹ کی نشست پر انتخاب ہوگا۔ جنرل نشست پر رانا محمود الحسن اور فرزند حسین شاہ مدمقابل ہوں گے جب کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اسحاق ڈار اور راجا انصر محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر الیکشن 2 اپریل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے بھی سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق کے پی کے سے سینیٹ الیکشن کے لیے خواتین کی 2 نشستوں پر 6 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مہوش علی خان، عائشہ بانو، روبینہ ناز، بیگم طاہرہ بخاری، روبینہ خالد اور شازیہ شامل ہیں۔
اسی طرح ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں کے لیے بھی 8 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں سید راشد حسین، قاضی محمد انور، وقار احمد قاضی، خالد مسعود، فضل حنان، دلاور خان، قیض خان، نور الحق قادری شامل ہیں۔
سینیٹ الیکشن کے لیے جنرل 7 نشستوں پر 18 امیدوار میدان میں ہیں جن میں عرفان سلیم ، دلاور خان مرزا محمد آفریدی، فیصل جاوید،طلحہ محمود، اظہر قاضی مشوانی، نیاز احمد، وقاص اورکزئی، فضل حنان، فیض الرحمٰن، عطا الحق، فدا محمد، شفقت ایاز، آصف رفیق، تاج محمد آفریدی اور نور الحق قادری کے نام شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔
واضح رہے کہ مراد سعید، اعظم سواتی اور سابق وزیراعلیٰ محمود خان سینیٹ کے الیکشن سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔