اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو پیغام دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم پاکستان، 23 مارچ 2024ء کے پُرمسرت موقع پر قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تاریخی قرارداد ِپاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں۔ جب 23 مارچ 1940ء کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیر کی بنیاد رکھی گئی۔ آئیے ، آج ہم اپنے گزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، آئیے ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئےاپنے عزم کا اعادہ کریں۔ تاریخ کے اوراق پر نظر ڈالیں تو ہمارے آباؤ اجداد کے وژن اور عزم کی یاد تازہ ہوتی ہے۔
صدر نے کہا کہ 1940ء کی قرارداد ِپاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ قرارداد سے 14 اگست 1947 ء کو پاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا۔ قائدِاعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ، ہماری قوم کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کو یقینی بنایا ۔ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں اُن کا فاتحانہ کردار، قدرتی آفات کے دوران فرض کی پکار پر تیز ردِعمل، اور دنیا بھر میں امن مشنز میں ہمارا کردار عالمی امن اور پرامن بقائے باہمی کیلئے ہمارے غیر متزلزل عزم کا نمایاں اظہار ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی تحریک ِپاکستان کے دوران اور غیر قانونی بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں بدترین جبر اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں۔ ہندوتوا کے ایجنڈے سے متاثرہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی یکطرفہ منسوخی اِس کی ایک مثال ہے۔ اقوام ِمتحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کو ان کےحق ِخودارادیت کی فراہمی تک ہر قسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان کو اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے اندھا دھند قتل ، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں پر مسلسل حملوں پر گہری تشویش ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان 1967ءسے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف میں دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد، پائیدار اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی اصولی مؤقف پر قائم ہے ۔ آئیے ، آج ہم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ سب سے محنت، دیانتداری اور ہمدردی کی اقدار اپناتے ہوئے ملک کی تعمیر کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتا ہوں۔ ہم متحد ہو کر رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ اسلامی جمہوریہ پاکستان پر رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے!