اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے آئی ایس آئی پر الزامات پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ سماعت کے لیے مقرر کردیا جس کے لیے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چھ ججز کے الزامات پر مبنی خط کا نوٹس لیتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کردیا جس کے لیے سات رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس منصور علی شاہ، یحییٰ خان آفریدی، جمال خان مندوخیل اور دیگر شامل ہیں جب کہ چیف جسٹس بینچ کے سربراہ ہیں۔ سات رکنی لارجر بینچ بدھ کو ساڑھے گیارہ بجے معاملے کی سماعت کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ازخود نوٹس لینے کیلئے معاملہ تین رکنی کمیٹی کے سامنے زیر غور آیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے ازخود نوٹس لینے کی منظوری دی۔