کراچی: شہر قائد میں شیشہ کیفوں کو گرین سگنل دے دیا گیا ہے اور کراچی پولیس کو کریک ڈائون سے روک دیا گیا ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کے اعلیٰ افسران کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ شیشہ کیفوں کے خلاف قانون سازی نہیں کی گئی ہے ، شیشہ کیفوں کے خلاف کریک ڈائون ، مقدمات اور گرفتاریوں سے کراچی پولیس کے افسران فائدہ اُٹھاتے ہیں لہذا پولیس اب شیشہ کیفوں کے خلاف کریک ڈائون نہیں کرے گی ۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ شہر کراچی کے پوش علاقوں میں شیشہ کیفے بڑی تعداد میں آباد ہیں جن کے خلاف گزشتہ کئی سالوں سے کریک ڈائون کیا گیا ہے مگر پھر بھی کیفے مکمل طور پر بند نہیں کرائے گئے بلکہ کراچی پولیس نے شیشہ کیفے سے ہفتہ اور ماہانہ بھتہ وصولی کا سلسلہ شروع کردیا تھا جس کے بعد اب سندھ حکومت کی جانب سے پولیس کو واضح احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ شیشہ کیفوں کے خلاف کریک ڈائون روک دیا جائے اور پولیس کے جوانوں کو شیشہ کیفوں کے باہر تعینات کیا جائے تاکہ شیشہ کیفوں کی آڑ میں نوجوان منشیات کا استعمال نہ کریں۔
اگر نوجوان شیشہ کیفوں میں منشیات کا استعمال کریں تو ان شیشہ کیفوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور شیشہ کیفے کے مالک کو گرفتار بھی کیا جائے گا ۔
کراچی پولیس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے احکامات کے بعد سائوتھ اور ایسٹ زون میں شیشہ کیفوں کے باہر پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے البتہ اگر شیشہ کیفے میں صرف شیشہ استعمال ہوتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں نہ لائے گی اور پولیس شیشہ کیفے مالکان کو تنگ بھی نہ کرے گی۔