کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس بلند ترین سطح عبور کرگیا۔
پی ایس ایکس میں بدھ کے روز 834 پوائنٹس کی تیزی ہوئی، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس بڑھ کر 67720 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 28 مارچ کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 617پوائنٹس کی تیزی آئی تھی، جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 67000پوائنٹس کی بلند ترین نفسیاتی سطح بھی عبور کرلی تھی اور 100انڈیکس بڑھ کر 67165پوائنٹس کی سطح پر آگیا تھا۔بعد ازاں 29 مارچ کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد شدید مندی رہی اور 4روز سے بننے والے بلندیوں کے نئے ریکارڈز کا تسلسل ٹوٹ گیا۔ شدید مندی کے سبب 55فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں جب کہ سرمایہ کاروں کے 17ارب 66کروڑ 58لاکھ 52ہزار 175روپے ڈوب گئےتھے۔