راولپنڈی: پاکستان ریلوے نے راولپنڈی، پشاور، ملتان، لاہور اور سکھرڈویژن میں غیراستعمال ریلوے اسٹیشنوں اور یارڈز کی اراضی21 سالہ ناقابل توسیع لیز پر دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جن 14ریلوے املاک کو لیز پر دینے کیلیے منتخب کیا گیا ہے، ان میں راولپنڈی ڈویژن میں چکوال سٹیشن یارڈ کی 35,000مربع فٹ سائٹ کیلیے20 ملین، پنڈدادن خان سٹیشن کی 31,500 مربع فٹ سائٹ کیلیے10ملین، سہالہ ریلوے اسٹیشن یارڈ کی 18,000مربع فٹ سائٹ کیلیے19ملین، ملکوال اسٹیشن کی 24,356 مربع فٹ سائٹ کیلیے 10ملین، ہروا ملکوال اسٹیشن کی22,500 مربع فٹ سائٹ کیلیے17ملین ، ریلوے بیکری چوک راولپنڈی کی 18,900مربع فٹ سائٹ کیلیے 30 ملین، مریڑ چوک راولپنڈی کی 8,162مربع فٹ سائٹ کیلیے20ملین، لاہور ڈویژن میں پیر محل اسٹیشن کی 40,000 مربع فٹ سائٹ کیلیے 8 ملین، پاور ہاؤس سکھر کی 22,560 مربع فٹ سائٹ کیلیے25 ملین مانگے گئے ہیں۔
ہر سائٹ کی لیز پر نیلامی کی بولی میں حصہ لینے والوں کیلیے 2 ملین فی بڈ سیکیورٹی مقرر کی گئی ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق مذکورہ سائٹس قابل استعمال نہ ہونے کی وجہ سے21 سالہ لیز پر دے کر ماہانہ کرایہ مقرر اور اس میں سالانہ 10فیصد اضافہ کیا جائے گا، یہ ریلوے سائٹس پٹرول پمپس اور دیگر کمرشل مقاصد کیلیے استعمال کی جا سکیں گی، اس سے 29 کروڑ روپے سے زائد آمدنی متوقع ہے، ریلوے اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی (ریڈیمکو) نے مذکورہ سائٹس کو لیز پر دینے کیلیے اقدامات شروع کر دیے۔