لوگوں کا اپنی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سپلیمنٹس استعمال کرنا ایک عام بات ہے کیونکہ سپلیمنٹس آپ کی روزمرہ خوراک کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں اور تمام ضروری وٹامنز اور معدنیات فراہم کرتے ہیں۔
تاہم کچھ ایسے سپلیمنٹس بھی ہیں جو ممکنہ خطرے کا باعث بن سکتے ہیں اور جگر جیسے اہم اعضاء کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس طرح کے سپلیمنٹس کی کچھ مثالیں ذیل میں دی جارہی ہیں:
1) سبز چائے
سبز چائے (green tea) ایک مقبول مشروب ہے اور یہ پتوں کے نچوڑ کی شکل میں بھی دستیاب ہے۔ تاہم واشنگٹن میں Invigor Medical کے پروفیسر اور ڈاکٹر، لین پوسٹن کے مطابق، سبز چائے کا عرق کچھ لوگوں میں جگر کے زخم پیدا کرسکتا ہے۔
2) سیاہ کوہوش
یہ ایک جڑی بوٹی ہے جو جنوبی امریکا میں پائی جاتی ہے۔ عام طور پر اسے رجونورتی (menopause) کی علامات کو رفع کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاہم امریکی حکومت کے ماتحت طبی ادارے سی ڈی سی کی ایک طبی ماہر ڈاکٹر نیسوچی نے بتایا کہ اس بات کے کچھ شواہد پائے گئے ہیں کہ یہ جڑی بوٹی جگر کیلئے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔
3) وٹامن بی B3
وٹامن B3 جسم کو توانائی بخشتا ہے۔ یہ تناؤ سے متعلقہ ہارمونز پیدا کرنے، خون کی گردش کو بہتر بنانے اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے تاہم وٹامن بی 3 کی زیادہ مقدار جگر کی صحت اور خون جمنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے۔
4) وٹامن اے
اگرچہ وٹامن اے ایک اہم غذائیت ہے جو بصارت اور قوت مدافعت میں اہم کردار ادا کرتا ہے لیکن اسے لینے والوں کو اس کی مقدار کے حوالے سے احتیاط برتنی چاہیے۔ وٹامن اے کی تجویز کردہ روزانہ کی خوراک جگر کے نقصان سے منسلک نہیں ہے تاہم تجویز کردہ خوراک سے اگر 100 گنا سے زائد لے جائے تو یہ شدید جگر کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔ ضرورت سے زیادہ وٹامن اے جگر کے مخصوص خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جس سے جگر پر زخم پڑجاتے ہیں۔