کراچی: سرجانی ٹاؤن میں درخت سے لٹکی ہوئی نوجوان کی لاش ملی ہے، مقتول حیدرآباد کا رہائشی تھا۔
ذرائع کے مطابق پیر کی صبح سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سرجانی ٹاؤن کنیز فاطمہ سوسائٹی ایسنڈر گارڈن اپارٹمنٹ کے عقب میں نورانی مسجد سے متصل گراؤنڈ کے قریب درخت سے لٹکی ہوئی نوجوان کی لاش ملی ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لینے کے بعد قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کے ڈیوٹی افسرسب انسپکٹر عبدالخالق کے مطابق مقتول کے جیب سے ایک قومی شناختی کارڈ ملا ہے جس کی مدد سے اس کی شناخت 21 سالہ حسنین ولد شبراتی کے نام سے ہوئی، مقتول تانگہ اسٹینڈ پھیلی حیدرآباد کا رہائشی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کے منہ میں کپڑا ٹھونسا ہوا تھا اورکپڑے کو منہ پر لپیٹا ہوا تھا اور اوپرسے ٹیب بھی لگایا ہوا تھا، ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ مقتول کو پہلے کسی اورمقام پر قتل کیا گیا اور لاش کو سرجانی ٹاؤن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے اندر درخت سے لٹکا دیا گیا۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مقتول کی موت گلا دبنے اور پھندا لگنے سے ہوئی حتمی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا تاہم پولیس نے مقتول نوجوان کے ورثا کی تلاش شروع کردی