ریاض: پی آئی اے کی حج پرواز کو سعودی شہر ریاض میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی فضائی کمپنی کی حج پرواز پی کے 839 رات 10 بجے کراچی سے جدہ کے لیے عازمین حج کو لے کر روانہ ہوئی تھی، جسے سعودی دارالحکومت ریاض کے ائرپورٹ پر ہنگامی طور پر لینڈنگ کرنا پڑی۔
پی آئی اے کے طیارے میں دورانِ پرواز غیر معمولی آوازیں سنی گئیں۔ ائرکرافٹ کےسسٹم میں آوازوں کی وجہ سے پروازکا رُخ جدہ سے موڑ کر ریاض ائرپورٹ کی جانب کیا گیا، جہاں طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی اور اس کے بعد تمام مسافروں کو اتارکر لاؤنج میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پرواز پی کے839 میں دورانِ پرواز کارگو کیبن میں ہائی ٹمپریچر کی وارننگ آئی تھی، جس کے بعد طیارے کو ریاض ائرپورٹ پر اتارا گیا۔ طیارے کی جانچ کے بعد ہائی ٹمپریچر وارننگ غلط ثابت ہوئی اور سرسری جانچ کے بعد پرواز پی کے839 کودوبارہ جدہ کے لیے روانہ کردیاگیا.