کلکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ الیکشن نتائج میں وزیر اعظم نریندر مودی اپنی ساکھ اور اعتماد کھو بیٹھے ہیں اس لیے وہ وزارت عظمیٰ سے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ مودی اور ان کی جماعت کو اس الیکشن میں کئی ایسی نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے جن پر وہ ماضی میں ہمیشہ کامیاب ہوتے آئے ہیں۔
ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں 59 سیٹیں کم ملی ہیں جب کہ مخالف اپوزیشن جماعت کو اس الیکشن میں گزشتہ کے مقابلے میں 140 سے زائد سیٹیں ملیں۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مودی پر عوام کا اعتماد نہیں رہا۔ وہ اپنی ساکھ کھو چکے ہیں۔ اس لیے مودی کو چاہیے کہ استعفیٰ دے کر اپنے گھر جائیں.
بھارتی میڈیا کے مطابق وراناسی میں نریندر مودی کو فتح تو حاصلہ ہوگئی لیکن 2019 کے مقابلے میں انھیں اس بار کم ووٹ پڑے۔ گزشتہ الیکشن میں انھوں نے مخالف امیدوار کو 4 لاکھ ووٹ سے جب کہ اس بار ایک لاکھ ووٹ سے شکست دی۔