لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے ہیں۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نےاعلیٰ سطح اجلاس میں کہا کہ پنجاب کی فنانشل پاکٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے بلکہ اپنے ذرائع سے ریونیو بڑھا رہے ہیں۔ کارکردگی پر ہی ڈی سی کی تعیناتی ہوگی، مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں، پنجاب میں فراہمی او رنکاسی آب کے لئے ایک ہی ڈیپارٹمنٹ قائم کیاجائے گا-
انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب کو سیف سٹی بنایاجائے گا۔ تمام شہر کیمروں سے کور ہوں گے۔ گندم خریداری سے بچائے پیسے کاشتکار پر خرچ کریں گے اور جنوبی پنجاب کے فارمر کو خصوصی طورپر مویشی دئیے جائیں گے۔ رورل ہیلتھ پر کبھی توجہ نہیں دی گئی پہلی مرتبہ تمام مراکز صحت ریویمپ ہورہے ہیں۔ فیلڈ اسپتالوں اور گھروں میں ادویات کی فراہمی اور اسپتالوں میں مفت ادویات سے عوام خوش ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5مرلے تک لوگوں کو گھر بنانے کے لئے فنڈنگ دیں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف ہماری محنت دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارا ہاتھ پکڑ لیا ہے۔ اپنے وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے دن رات ایک کریں گے۔ میری کابینہ اور ٹیم انتھک کام کر رہی ہے۔