راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں ای کورٹ اور سہولت سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ملک شہزاد احمد نے ای۔کورٹ اورسہولت سینٹر کا افتتاح کیا۔ چیف جسٹس نے دیگر ججز کے ہمراہ ای کورٹ کا دورہ کیا اور ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت دیکھی۔ چیف جسٹس نے سہولت سینٹر میں مصالحت پراسس کا بھی جائزہ لیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس ملک شہزاد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ای کورٹ کی خاتون سیشن جج رابعہ سلیم نے کمرہ عدالت میں ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ای کورٹ اور سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سمیت ضلعی عدلیہ کے ججز نےشرکت کی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
خصوصی ای۔کورٹ میں انٹرنیٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ آئندہ تمام مقامات میں ہر عدالت ویڈیو لنک سے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔ پولیس افسران اور گواہان کو بطور گواہ بیان ریکارڈ نہ کرانے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ تمام سیشن اور فوجداری عدالتیں انٹرنیٹ سے لنک ہوں گی۔ اہم کیسوں میں ملزمان کے بیانات اور حاضری بھی وڈیو لنک سے ہو سکے گی۔
سیشن جج راولپنڈی عبد الرزاق نے جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب سے خطاب میں کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا کی رفتار بڑھا دی ہے ۔ جوڈیشل سسٹم اگر اس رفتار کو قائم نہ رکھ سکا تو انگلیاں اٹھیں گی۔ اس کو دیکھتے ہوئے پنجاب بھر میں ای کورٹس قائم کی گئی ہیں۔ اس کے ذریعے اخراجات اور وقت بچے گا ۔ اے ڈی آر سینٹر کے لئے راولپنڈی کو چنا گیا ہے ۔