لاہور: پنجاب میں 20 تا 22 جون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے انتظامیہ کو موسمی صورت حال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 16 سے 18 جون کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 18 سے 22 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں۔
جنوبی پنجاب میں 20 سے 22 جون کے دوران بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عیدالاضحیٰ کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں۔