اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی نے اپنی نااہلی کے خلاف زیر التواء اپیل کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں استدعا کی گئی عمران خان کی نااہلی کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہے جبکہ درخواست گزار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کرنے کے بعد پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کی کاروائی جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے احکامات کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التواء ہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائیکورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی۔
درخواست گزار کے مطابق ان مقدمات کی وجہ سے درخواست گزار چیئرمین پی ٹی آئی اور ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہا جبکہ زیر التواء اپیل کی وجہ سے درخواست گزار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا