لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مزید کسی فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہو سکتا ، فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں، گزشتہ 23 برس میں جتنے آپریشن ہوئے ان سے فائدے کی بجائے نقصان ہوا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک کو امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دھکیلا گیا، جس میں ایک لاکھ پاکستانی سویلین اور سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، مغربی سرحد غیر محفوظ ہوئی ، قومی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان بیرونی ایجنسیوں کا اکھاڑا بن گیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے زور دیا کہ اففانستان سے بامعنی مذاکرات کیے جائیں، ایران پاکستان گیس پائپ لائن مکمل کی جائے، حکومت کو اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لینا چاہیے، فوج ، عوام ،جموریت اور پاکستان کے لئے یہی بہتر ہے کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ نہ ہو جس سے ملک بحران کا شکار ہو جائے۔