لاہور: پیرس اولمپکس کی تیاریوں میں مصروف جویلین اسٹار ارشد ندیم سات جولائی کو ڈآئمنڈ لیگ میں شرکت کے لیے پیرس روانہ ہوں گے۔
کوچ سلمان اقبال بٹ کے مطابق ارشد ندیم کا ری ہیب پروگرام کامیابی سے جاری ہے، اب تھروز کا بھی آغاز کردیاگیاہے۔
ڈائمنڈ لیگ سے پہلے ارشد فٹنس مسائل سے مکمل طورپر نجات پالیں گے۔ پیرس اولمپکس سے پہلے ڈائمنڈ لیگ میں شرکت سے ارشد کو اعتماد ملے گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن برائے کھیل خواجہ جنید نے پنجاب اسٹیڈیم میں ارشد ندیم کی ٹریننگ کا جائزہ لیا، انہوں نے ارشد ندیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ہرممکن سپورٹ کا یقین دلایا۔
اس موقع پر خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود خان کی ہدایت پر وہ خصوصی طورپر ارشد ندیم سےملنے آئے ہیں تاکہ ان کی ٹریننگ سہولیات کاجائزہ لینے کے ساتھ اگر کوئی ایشوز ہیں تو ان کا حل کیاجاسکے۔
فوکل پرسن برائے کھیل وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے مطابق ارشد ندیم ہمارا فخر اور پوری قوم کا ہیرو ہے۔ حکومت نے اسے ہر سطح پرسپورٹ کیاہے۔ خواہش ہےکہ وہ پیرس اولمپکس میں بہترین پرفارمنس دے کر ملک کا نام روشن کرے۔