بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو 15 ملین ڈالر (یعنی پاکستان روپوں میں 4 ارب سے سے زائد) رقم دینے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم، سپورٹ اسٹاف اور کوچز کیلئے بھاری انعامی رقم کا اعلان کیا۔
جے شاہ نے روہت شرما کی قیادت میں 11 سال بعد آئی سی سی ٹائٹل جیتنے پر کہا کہ “میں ٹیم انڈیا کیلئے 125 کروڑ بھارتی روپے (14.9 ملین ڈالر) کی انعامی رقم کا اعلان کررہا ہوں جس کی بےحد خوشی ہے”۔
ٹیم میں یکساں طور پر ہر کھلاڑیوں کو 6 لاکھ ڈالر (یعنی پاکستانی روپوں میں 16 کروڑ 65 لاکھ سے زائد) بنتے ہیں۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے نقد 24 لاکھ ڈالر (یعنی پاکستانی روپوں میں 68 کروڑ سے زائد) کی رقم ملے گی۔ یہ سال 2022 میں ہونے والے آخری میگا ایونٹ سے کئی گنا زیادہ ہے جس میں فاتح انگلینڈ کو 10 لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے گزشتہ ہفتے بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز فائنل میں 7 رنز سے شکست دیکر دوسری بار ٹی20 ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ سال 2013 کے بعد یہ پہلی ٹرافی تھی۔