کراچی: پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے نثار کھوڑو کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا۔ سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پی اے سی کے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے رکن مخدوم فخرالزمان نے نثار کھوڑو کو پی اے سی چیئرمین منتخب کرنے کے لیے تجویز پیش کی جس کی تمام اراکین نے تائید کی۔
پی اے سی کے تمام اراکین نے حق میں ووٹ دے کر نثار کھوڑو کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پارلیمانی آئینی مدت کے لیے بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا۔ سندھ اسمبلی کی 7 اراکین پر مشتمل پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اراکین میں نثار کھوڑو سمیت پیپلز پارٹی کے محمد قاسم سومرو، سعدیہ جاوید،سید فرخ احمد شاہ، مخدوم فخرالزمان، خرم کریم سومرو اور سنی اتحاد کونسل کے محمد ریحان راجپوت شامل ہیں۔
نثار کھوڑو نے نے چیئرمین پی اے سی منتخب ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں نامزد کرنے پر پارٹی قیادت کا شکرگزار ہوں۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سندھ کے تمام محکموں میں اخراجات اور فنڈز کے استعمال پر مانیٹرنگ رکھے گی۔ عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام کی بہتری اور عوامی مفاد میں خرچ ہونے چاہییں۔ جس محکمے میں سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور بے قاعدگیوں کی شکایات موصول ہوں گی، وہاں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نوٹس لے کر کارروائی کی سفارش کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال اور سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ تمام محکمے سرکاری فنڈز کا استعمال عوامی کی بہتری کے لیے خرچ کریں۔ سندھ کا بجٹ صوبائی اسمبلی منظور کرتی ہے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سرکاری فنڈز میں بے قاعدگیوں اور فنڈز کے غیرقانونی استعمال کو روکے گی۔ پی اے سی تمام محکموں کے آڈٹ پیراز اور محکموں کے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی روشنی میں جائزہ لے گی۔
نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پی اے سی سندھ کے تمام محکموں پر مانیٹرنگ رکھے گی۔ پی اے سے کے اجلاسوں میں محکموں کے افسران کی غیرحاضری برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارٹی قیادت نے جب بھی کوئی ذمے داری دی ہے اسے بہتر طریقے سے سرانجام دیا ہے۔ پی اے سی کے تمام اراکین کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے اعتماد کرکے چیئرمین منتخب کیا