لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو 9 مئی سے متعلق ایک کیس میں بری کردیا۔
ہائیکورٹ میں صنم جاوید کے خلاف 9 مئی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دورکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے صنم جاوید کو گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں ڈسچارج کرنے کا حکم دیدیا۔
صنم جاوید کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر کئی شہروں میں 9 مئی کے متعدد مقدمات درج کیے گئے۔
کئی عدالتوں نے متعدد کیسز میں ان کی ضمانت منظور کی اور رہا بھی کیا تاہم ہر بار جیل یا عدالت سے باہر نکلتے ہی انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر صنم جاوید نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جھوٹے مقدمات سے اب مجھے پریشانی نہیں ہو رہی، جتنے مرضی مقدمات بنائیں اتنےہی یہ بے نقاب ہونگے، بانی پی ٹی آئی پر بھی دو سو کے قریب مقدمات بنائے گئے جو سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں، مقدمات سے میری زبان بند نہیں کرائی جاسکتی، وہ وقت دور نہیں جب ہم سب رہا ہوں گے۔