کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے دورۂ کراچی کے دوران داؤدی بوہرہ جماعت کے سربراہ سے ملاقات کی، دریں اثنا انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
زرائع کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برہانی محل اور شاہ شہیدان امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ برہانی محل میں وزیر داخلہ نے داؤدی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین اور ان کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے سیدنا مفضل سیف الدین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان آمد پر آپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کی آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ داؤدی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔ اس موقع پر سیدنا مفضل سیف الدین نے داؤدی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سولجر بازار میں شاہ شہیدان امام بارگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ وزیرداخلہ نے مولانا عقیل الغربی اور سابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ شاہ شہیدان امام بارگاہ پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات بہترین ہیں۔ وفاق محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے تمام صوبوں کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔ مولانا عقیل الغربی اور مقبول باقر نے امن عامہ کے بہترین انتظامات پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔