سوناکشی نے اپنے ولیمے پر سلمان خان کو گلے لگایا، ویڈیو وائرل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے ولیمے کی شاندار تقریب کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کردی۔

سوناکشی سنہا اور اُن کے شوہر ظہیر اقبال نے اپنی مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ولیمے کی تقریب کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں تقریب کے دلچسپ اور حسین لمحات دکھائے گئے ہیں۔

ولیمے میں ویڈیو کے پسِ منظر میں میوزک کم اور مہمانوں کی اصلی آوازیں زیادہ سنائی دے رہی ہیں جس نے ویڈیو کو مزید خوبصورت اور منفرد بنایا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سوناکشی سنہا نے اپنے ساتھی اداکار اور دبنگ اسٹار سلمان خان کو گلے لگا کر ولیمے کی تقریب میں اُن کا استقبال کیا جبکہ سینیئر بالی ووڈ اداکارہ ریکھا نے جذباتی انداز میں سوناکشی کو شادی کی مبارکباد دی۔

سوناکشی اور ظہیر نے پاپرازی کے ساتھ پوز بھی دیا اور انیل کپور کے ساتھ ‘مائی نیم اِز لکھن’ پر ڈانس بھی کیا، اداکارہ نے اپنی دوست ہما قریشی کو بھی گلے لگایا۔

صرف یہی نہیں، راج کمار راؤ، ارباز خان، آیوش شرما، سدھارتھ، ادیتی راؤ حیدری سمیت دیگر مہمانوں کو بالی ووڈ کے سدا بہار گانوں پر ڈانس کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نے اپنی اس مشترکہ پوسٹ کے کیپشن میں کہا کہ ہماری شادی کے حسین لمحات کو محسوس اور انجوائے کریں، ہم نے یہ کر دکھایا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہماری پرفیکٹ شادی کا پورا کریڈٹ تمام دوستوں، اہلخانہ اور ہماری ٹیم کو جاتا ہے، باس! ظہیر اور سوناکشی کی شادی کے لیے خاص پارٹی تو بنتی ہے۔

واضح رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال گزشتہ 7 سال سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے اور گزشتہ ماہ 23 جون کو دونوں نے اپنے اہلخانہ اور چند قریبی دوستوں کی موجودگی میں شادی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں