ویمنز ٹی20 ایشیا کپ؛ قومی ٹیم منگل کو سری لنکا روانہ ہوگی

کراچی: ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 میں شرکت کے لیے 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم منگل کو سری لنکا روانہ ہوگی۔

پاکستان ویمن ٹیم کی منگل کو کراچی سے دبئی کے راستے سری لنکا روانگی طے ہے۔ 19 تا 28 جولائی دمبولا میں ہونے والے 9ویں ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19جولائی کو روایتی حریف اور دفاعی چیمپیئن بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

اسی طرح، 21 جولائی کو دوسرا میچ نیپال اور 23جولائی کو تیسرا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلا جائے گا۔
قومی ویمن ٹیم ندا ڈار ( کپتان)، عالیہ ریاض، ڈائنا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ وہاب اور طوبہ حسن پر مشتمل ہے۔

محمد وسیم ہیڈ کوچ، سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمن اور جنید خان بالترتیب اسپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ، حنا منور منیجر، حنیف ملک فیلڈنگ کوچ رابعہ صدیق فزیو اور ولید احمد انالسٹ کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہے۔ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی جبکہ فائنل 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ 7 مرتبہ کی چیمپیئن بھارت نے بنگلا دیش کے شہر سلہٹ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے مات دے کر ویمنز ٹی20 ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2022 جیتا تھا۔

واضح رہے کہ 8 ٹیموں کے ایونٹ کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل پرفارمنس سینٹر پر اختتام پذیر ہونے والے قومی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے کے ساتھ ان کی اہلیت اور صلاحیتوں میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی۔

نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ اور بولنگ کی شعبوں میں کام کیا گیا۔ فٹنس بہتر بنانے کے ساتھ فیلڈنگ کا معیار بھی بلند کرنے پر توجہ دی گئی جبکہ باہمی میچز کے ذریعہ ذہنی ہم آہنگی اور جسمانی استعداد میں اضافہ کی سعی بھی ہوئی۔

کیمپ کے آخری روز معین خان اکیڈمی گراؤنڈ پر تیسرے اور آخری ٹی20 پریکٹس میچ کو اہدافی مقابلے میں تبدیل کر دیا گیا، قومی کرکٹرز کو بیٹنگ اور بولنگ میں مختلف ہدف دیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں