پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد سب سے بڑا غدار چیف الیکشن کمشنر ہے، اس وقت آرٹیکل 6 کے سب سے زیادہ مستحق شریف خاندان اور چیف الیکشن کمشنر ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے اور ڈان لیکس والے دوسروں کو غدار کہتے ہیں، شریف خاندان کے خون میں غداری رچ بسی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غداری کے مرتکب دوسروں پر غداری کے مقدمات چلانے کی بات کر رہے ہیں، عوام نے 8 فروری کو فیصلہ سنایا ہے کہ کون کون غدار اور کون محب الوطن ہے، 8 فروری کو عمران خان ملک کا مقبول ترین لیڈر اور پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت کے طور پر ابھری ہے۔
مشیر اطلاعات نے انکشاف کیا کہ آرٹیکل 6 اور پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے اندرونی خلفشار کا نتیجہ ہے، نواز شریف اور مریم نواز کیمپ شہباز شریف کا دھڑم تختہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ فیصلے میں بھی نواز شریف اور انکی صاحبزادی راج کماری کی چھاپ واضح نظر آتی ہے، مسلم لیگ ن کے اندر اقتدار کی لڑائی اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے۔ کوئی ذی عقل شخص اس قسم کے فیصلے نہیں کرسکتے ہیں، ملک میں مکمل اندھیر نگری اور چوپٹ راج قائم ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کا فیصلہ اندرونی کشمکش کی غمازی کرتا ہے، مریم نواز اس قسم کے انہونی فیصلے کروا کر شہباز شریف کے اقتدار کا خاتمہ چاہتی ہے۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو عمران فوبیا ہوگیا ہے، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں پر جعلی حکومت کو سبکی ہوئی، اب پی ٹی آئی پر پابندی اور غداری کے معاملے پر پھر سے منہ کی کھانی پڑے گی.