کوالا لمپور: ملائیشیا کے سابق وزیرِ اعظم مہاتیر محمد کی ایک بار پھر طبیعت بگڑ گئی اور انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے وہ چند برسوں سے دل کے مرض میں مبتلا ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیراعظم کو سینے میں تکلیف اور مسلسل کھانسی کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم ابھی چند روز تک زیر علاج رہیں گے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 99 سالہ مہاتیر محمد دل کے مرض میں مبتلا ہیں اور حال ہی میں ان کا بائی پاس بھی ہوا ہے اور وہ سال کے آغاز میں تین ماہ تک اسپتال میں زیرعلاج رہے تھے۔
مہاتیر محمد کے اسپتال میں داخل ہونے کی خبر سُن کر لوگوں کی بڑی تعداد اسپتال کے باہر جمع ہوگئی۔ ملکی و غیر ملکی رہنماؤں نے بھی دعائے صحت کی ہے۔
واضح رہے کہ مہاتیر محمد پہلی بار 16 جولائی 1981 سے 31 اکتوبر 2003 اور پھر 10 مئی 2018 سے 24 فروری 2020 تک ملک کے وزیراعظم رہے ہیں اور ان کے پہلے دور میں ملائیشیا نے ریکارڈ معاشی ترقی کی تھی.