اسلام آباد: ایف آئی اے نے صنم جاوید کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی جج کی جانب سے صنم جاوید کو ایف آئی اے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ڈسٹرکٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے کی ، جس میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ کے پاس اختیار ہی نہیں ہے کہ وہ مقدمے سے ڈسچارج کردیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس کیس کا کوئی بھی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلوچستان اور پولیس مقدمات کے حوالے سے ریکارڈ طلب کیا گیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ ایف آئی اے کا کوئی ریکارڈ اسلام آباد ہائی کورٹ میں طلب نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی ہمارا کوئی نمائندہ ہائی کورٹ پیش ہوا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی.