لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو جھانسہ دینے والی مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کیا، ملزمہ گوجرانوالہ کی رہائشی ہے اور ہائی پروفائل افراد کو جھانسہ دیکر بھاری رقوم بٹورتی ہے۔
ملزمہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ اُس کی خلیل الرحمان قمر سے 10 سے 15 دن تک فون پر بات ہوئی اور چیٹ کے دوران ہی تصاویر کا تبادلہ بھی ہوا۔
آمنہ عروج نے مزید کہا کہ خلیل الرحمان قمر نے ملنے کا کہا تو میں نے اُنہیں گھر بلا لیا۔
ملزمہ کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو فون کرکے اپنے گھر بلایا تھا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں اور جب وہ خاتون کے گھر پہنچے تو مسلح افراد نے واردات کی اور اُنہیں اغواء کرلیا۔
خلیل الرحمان قمر نے اغوا کاروں کو بھاری رقم دی جس کے بعد اُنہیں چھوڑ دیا گیا تھا.