اگر ہم حج کے بعد گھومنے آگئے تو کیا گناہ کردیا؟ ندا یاسر کا ٹرولرز سے سوال

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی، میزبان ندا یاسر اور اُن کے شوہر اداکار و ہدایتکار یاسر نواز ایک بار پھر کڑی تنقید کا شکار ہوگئے۔

حال ہی میں حج کی سعادت حاصل کرنے والی ندا یاسر اور یاسر نواز، ان دنوں سوئٹزرلینڈ میں اپنی چھٹیاں گزار رہے ہیں، یہ جوڑا اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے بیرون ملک سفر کے وی لاگز بھی اپلوڈ کررہا ہے جنہیں دیکھ کر صارفین غصے سے آگ بگولا ہوگئے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ندا یاسر حج کے دنوں میں باحجاب ہوتی تھیں لیکن اُنہوں نے حج سے واپس آنے کے بعد حجاب چھوڑ دیا ہے اور وہ سوئٹزرلینڈ میں بھی حجاب کے بغیر ہی گھوم رہی ہیں۔
اب ندا یاسر اور یاسر نواز نے اپنے وی لاگ میں صارفین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے اُنہیں ٹرولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
ندا یاسر نے اپنے شوہر یاسر نواز سے پوچھا کہ اگر ہم حج کے بعد اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے حسین قدرتی مناظر دیکھنے آگئے ہیں تو ہم نے اس میں کیا غلط کیا؟ لوگ ہمیں کیوں ٹرول کررہے ہیں؟اس سوال کے جواب میں یاسر نواز نے کہا کہ لوگوں کا کام ہی تنقید کرنا ہے، ہم تو اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے خوبصورت اور دلکش نظارے دیکھنے آئے ہیں۔

ندا یاسر نے کہا کہ ہم پورا سال کام کرتے ہیں تو کیا ہمیں یہ حق حاصل نہیں کہ ہم بھی فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کے لیے قدرتی مناظر کا رُخ کریں؟

اداکار نے مزید کہا کہ لوگوں نے جتنی ٹرولنگ کرنی ہے وہ کریں، ہم تو حسین مناظر کو انجوائے کریں گے۔

واضح رہے کہ یاسر نواز اور ندا نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کی تھی، اس دوران جوڑے نے اپنے یوٹیوب چینل پر حج کے وی لاگز بھی پوسٹ کیے تھے۔

اس جوڑے کی جانب سے دورانِ حج تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں