وفاقی کابینہ کا اجلاس، تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ مؤخر

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ مؤخر کردیا۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی، سابق صدر عارف علوی، بانی چیرمین پی ٹی آئی اور قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا، تاہم کابینہ نے پی ٹی آئی پر پابندی اور آرٹیکل 6 کا معاملہ مؤخر کردیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے معاملے پر پیپلز پارٹی اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا جس کے بعد معاملہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں بیرونی سرمایہ کاروں کو ویزا فری انٹری کی سمری اور ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

126 ممالک کے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ویزا کی منظوری

کابینہ نے 126 ممالک کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دے دی۔ 126 ممالک کے بزنس اور ٹورسٹ کیلئے پاکستان میں ویزا فری انٹری ہوگی۔ وفاقی کابینہ نے اس حوالے سے وزارت داخلہ کی سمری منظور کر لی۔
اجلاس میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ایم او یو اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیرمین کی تقرری کی منظوری دی گئی اور نجکاری کمیشن کے ارکان کی تعداد میں اضافے کی سمری بھی پیش کی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، تینوں افراد کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا، ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کئے جائیں گے، پارلیمان سے قرارداد منظور کی جائے گی، آئین اور قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا عمل مکمل کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں