ممبئی: بالی ووڈ کے مقبول اداکار گووند ارجن آہوجا المعروف گووندا نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بھارتی میڈیا سے اپیل کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یکم اکتوبر کو تقریباََ 5 بجے کے قریب گووندا اپنی ہی ریوالور سے گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد اداکار کو ایمرجنسی میں ممبئی کے نجی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا اور گزشتہ روز 4 اکتوبر کو اُنہیں اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔
گووندا نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس نازک اور مشکل وقت میں میری دیکھ بھال کرنے پر اسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ ان تمام سیاستدانوں اور فنکاروں کا بھی بہت شکریہ، جنہوں نے مجھے فون کرکے میری خیریت دریافت کی اور مجھ سے ملاقات کے لیے اسپتال آئے، میرے پاس میرے چاہنے والوں کے پیار و محبت کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
اُنہوں نے حادثے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں، مجھے یقین نہیں آرہا تھا کہ یہ گولی کیسے لگ گئی کیونکہ یہ سب اچانک اور حادثاتی طور پر ہوا۔
گووندا نے کہا کہ میرے ہاتھ سے ریوالور نیچے گری اور گولی چل پڑی، جس کی وجہ سے میری ٹانگ پر گہرا زخم بھی آیا لیکن اب میری حالت خطرے سے باہر ہے۔
اداکار نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ براہِ کرم! آپ بھی محتاط رہیں اور میرے اس حادثے سے سبق سیکھیں، سب اپنی حفاظت کریں۔
اُنہوں نے میڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو کوئی دوسرا اور غلط رنگ نہ دیں، سچ یہی ہے کہ یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا تھا۔
واضح رہے کہ گووندا کے ساتھ فائرنگ کا واقعہ ان کے گھر میں پیش آیا تھا کہ جب ریوالور الماری میں رکھتے ہوئے اچانک گر گئی تھی اور فائر ہو گیا تھا جو اداکار کی ٹانگ پر لگ گیا تھا۔
گووندا کو ایمرجنسی میں ممبئی کے ایک نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا، اداکار کی ٹانگ میں 8 سے 10 ٹانکے لگے.