نئی دہلی: پاکستان سے بھارت منتقل ہو کر وہاں کی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع کی والدہ بیگم نورین سمیع خان 77 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
عدنان سمیع نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ میں انتہائی دکھ کے ساتھ اپنی پیاری والدہ بیگم نورین سمیع خان کے انتقال کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم گہرے غم اور صدمے سے دوچار ہیں، وہ ایک شاندار شخصیت کی مالک خاتون تھی جنہوں نے ہر اس شخص کو محبت اور خوشی دی جن سے ان کا رابطہ ہوا۔ ہم ان کی بہت زیادہ کمی محسوس کریں گے، براہ کرم ان کی روح کے ایصاک ثواب کے لیے دعا فرمائیں۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون۔
عدنان سمیع نے دعا کی کہ اللہ پاک ہماری پیاری ماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے آمین۔
سمیع نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کی تصویر بھی شیئر کی جس میں ان کی تاریخ پیدائش 1947 درج ہے۔
واضح رہے کہ عدنان سمیع نے سال 2015 میں بھارتی شہریت حاصل کرلی تھی، وہ شہریت حاصل کرنے سے پہلے بھی کئی سال تک کام کے سلسلے میں بھارت میں ہی مقیم رہے۔