کراچی:پنجاب میں بڑھتی ہوئی دھند کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر نے مسافروں کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
کراچی سے روانہ ہونے والی کئی ٹرینیں شیڈول سے تاخیر کا شکار ہیں جس کے باعث ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی سے پشاور جانے والی رحمان ایکسپریس 45 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی جبکہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس دوپہر 2 بجے کے بجائے شام 7 بجکر 15 منٹ پر روانہ کی جائے گی۔
اسی طرح، کراچی سے لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس شام 4 بجے کے بجائے رات 8 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوگی۔ کراچی سے جیکب آباد جانے والی سکھر ایکسپریس بھی تاخیر کا شکار ہے جو رات 11 بجے کے بجائے رات 1 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی۔
ریلوے حکام کے مطابق پنجاب میں شدید دھند کے باعث ٹرینیں کراچی دیر سے پہنچ رہی ہیں جس سے کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہو رہا ہے۔
مسافروں کو ریلوے اسٹیشن سے تازہ ترین شیڈول معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.