202

عدنان صدیقی کی شاہ چارلس سے ملاقات کی تصاویر وائرل

پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی کو برطانوی شاہ چارلس سوم سے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا جس کی تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

بکنگھم پیلس میں ہونے والی اس مختصر مگر یادگار ملاقات کا احوال انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا اور مداحوں کو کنگ چارلس کے بارے میں اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں عدنان صدیقی اور شاہ چارلس سوم کو خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ عدنان نے کیپشن میں لکھا کہ یہ گفتگو مختصر مگر پرجوش تھی، جیسے پلک جھپکتے ہی دو مختلف دنیا ایک دوسرے سے مل رہی ہوں۔

عدنان کا کہنا تھا کہ شاہ چارلس سوم میں لوگوں کو پُرسکون کرنے کی خاص صلاحیت تھی، جو ان کے ذہن پر دیرپا اثر چھوڑ گئی۔ انہوں نے انسٹا اسٹوری میں بکنگھم پیلس کی تقریب کا دعوت نامہ بھی شیئر کیا۔

یہ تقریب 13 نومبر 2024ء کو شاہ اور ملکہ کی جانب سے فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کے اعزاز میں منعقد کی گئی تھی، جس میں عدنان صدیقی کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 55 سالہ عدنان صدیقی پاکستان کے مایہ ناز فنکاروں میں سے ہیں۔ 1994ء میں پی ٹی وی کے ڈرامہ ’عروسہ‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والے عدنان نے لالی ووڈ، بالی ووڈ، اور ہالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں