اسلام آباد:پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کارکنان کی گرفتاریوں کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے 26 نمبر چونگی کے اطراف میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو نفری کے ہمراہ 26 نمبر طلب کر لیا گیا ہے۔
وفاقی پولیس کی جانب سے 26 نمبر چونگی کو مکمل طور پرکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان اور غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے گا۔
پولیس کی بھاری نفری مستقل بنیادوں پر 26 نمبر چونگی اور اطراف میں تعینات رہے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ ماہ احتجاج میں پولیس اہلکار 26 نمبر چونگی کے قریب شہید ہوا تھا۔
مزید پڑھیں؛ پی ٹی آئی احتجاج: اسلام آباد، پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ و موبائل سروس جزوی معطل کرنیکا فیصلہ
دوسری جانب، پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انٹرنیٹ کے ساتھ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
زرائع کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج اور ملک بھر سے کارکنوں کے اس میں شریک ہونے کی ہدایات کے بعد حکومت نے احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔
پی ٹی آئی احتجاج اور اسلام آباد پر چڑھائی کو روکنے کے لیے جڑواں شہروں میں کنٹینرز بھی پہنچا دیے گئے ہیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔