اسرائیل کی لبنان پر بمباری، 47 افراد شہید

اسرائیل کی لبنان کے مشرقی حصے پر حملے میں 47 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے لبنان اور شام کے سرحدی علاقے میں اندھا دھند بمباری کی جس کے نتیجے میں 47 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت نازک ہے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور حملوں سے قبل شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی قصبے نہاریا پر لبنان سے 10 راکٹ فائر کیے گئے۔ راکٹ حملے میں 30 سالہ اسرائیلی شخص ہلاک ہوگیا جبکہ زیادہ تر راکٹس کو ہدف تک پہنچنے سے قبل تباہ کردیا گیا۔حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ حملے کی تصدیق کی ہے۔ حزب اللہ کے شمالی اسرائیل پر حملوں میں اب تک 70 سے زائد فوجیوں سمیت 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں