اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ”خان نہیں تو پاکستان نہیں“ کا نعرہ سائفر والے امریکا سے ہوتا ہوا مکہ ومدینہ کی مقدس سرزمین تک آ پہنچا ہے۔
جمعہ کو سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ مکمل تیاری اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بشریٰ بی بی نے جو کچھ کہا، اسکی نظیر پی ٹی آئی کی فتنہ و فساد سے بھری تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کو ناراض کر کے پاکستان سے دور کرنا عمران خان کی سیاست کا خاصہ رہا ہے۔ “خان نہیں تو پاکستان نہیں” کا نعرہ سائفر والے امریکہ سے ہوتا ہوا مکہ ومدینہ کی مقدس سرزمین تک آ پہنچا ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ننگے پاؤں اور مدینہ کے نام پر لوگوں کے مذہبی جذبات سے کھیلتے ہوئے یہ بھی نہ سوچا گیا کہ ایک عظیم دوست اسلامی ملک پر کتنا گھناؤنا اور شر انگیزالزام لگایا جا رہا ہے۔