جڑواں شہروں میں راستے بند؛ عدالتی کارروائیاں متاثر، توشہ خانہ 2 سمیت کئی مقدمات ملتوی

اسلام آباد/راولپنڈی: جڑواں شہروں میں راستوں کی بندش کے باعث عدالتی کارروائیاں نہ ہو سکیں اور توشہ خانہ2 سمیت کئی مقدمات ملتوی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کےاسلام آباد احتجاج کی وجہ سے جڑواں شہروں خصوصاً ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستے بند ہونے کے باعث آج بھی عدالتوں میں کیسز التوا کا شکار ہو گئے۔

عمران خان کا خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس ملتوی
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق آج بھی دستیاب نہیں ہوں گے، جس کی وجہ سے کورٹ روم نمبر ون کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت کرنی تھی، جس میں سیشن کورٹ کے فیصلے کو بانی پی ٹی آئی نے چیلنج کر رکھا ہے۔

قیدیوں کی سیاسی بات چیت کے کیس کی سماعت ملتوی
اسی طرح قیدیوں کی سیاسی بات چیت پر پابندی کی شق کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کی اپیل پر بھی سماعت آج نہیں ہو سکے گی ۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے انٹراکورٹ اپیل کی سماعت کرنا تھی۔

وکلا اور سائلین کو مشکلات کا سامنا
وفاقی دارالحکومت اور رولپنڈی میں راستوں کی بندش کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلا اور سائلین کو پیشی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد کیسوں میں وکلا اور سائلین عدالتوں میں آج نہیں پہنچ سکے۔

سیکرٹری ہائیکورٹ بار کا اعلامیہ
سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار شفقت عباس تارڑ نے آج بھی اعلامیہ جاری کر دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ رستوں کی بندش کے باعث وکلا مارگلہ روڈ استعمال کریں۔ وکلا اور سائلین اگر عدالت میں پیش نہ ہو سکیں تو معزز عدلیہ سے گزارش ہے کہ کوئی ایڈورس آرڈر جاری نہ کیا جائے۔

توشہ خانہ 2 کیس ملتوی
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں آج توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت بھی ملتوی کردی گئی۔ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے راستوں کی بندش اور جڑواں شہروں میں موجودہ صورت حال کے یش نظر سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔ مقدمے میں ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان تھا۔

اڈیالہ جیل سے کوئی ملزم پیش نہیں کیا جا سکا
اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ سے راستے سیل ہونے کے باعث اڈیالہ جیل سے کوئی بھی ملزم عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاسکا ۔ جڑواں شہروں کی سیشن، سول، فیملی اور خصوصی عدالتوں میں تمام کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔

دفاتر میں حاضری کم، بازار سنسان
پی ٹی آئی احتجاج اور راستے بند ہونے کی وجہ سے سرکاری و نجی دفاتر میں ملازمین کی حاضری آج بھی کم ہے جب کہ شہر بھر کی تجارتی و کاروباری سرگرمیاں مکمل مفلوج ہو چکی ہیں۔ 3 سے ہول سیل منڈیاں بھی مکمل بند ہونے سے بازار سنسان پڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں