کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پہلی بار 3505 پوائنٹس کی بڑی مندی کے نتیجے میں انڈیکس 4 سطحیں کھو گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے دن مارکیٹ میں اتار چرھاؤ جاری رہا تاہم مندی کا رجحان غالب آنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں پہلی بار 3505 پوائنٹس کی بڑی مندی کا شکار ہوکر ایک ہی دن میں 98 ہزار، 97 ہزار، 96 ہزار اور 95 ہزار کی 4 سطحیں کھو گیا۔
بازار حصص کا آغاز آج منگل کے روز مندی کے ساتھ ہوا، تاہم بعد میں تیزی کا رجحان آیا اور انڈیکس بڑھ کر 99 ہزار پوائنٹس کی سطح کو عبور کرگیا۔ بعد ازاں 531 پوائنٹس کی مندی ہوئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 98 ہزار کی سطح سے گر کر 97648 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ اس کے بعد بعد مارکیٹ میں 669 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
کچھ دیر کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شیئرز کا لین دین بڑھنے سے 1642 پوائنٹس کا بڑا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 99700 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا۔
مارکیٹ کو تیزی کے بعد اچانک ایک بار پھر بڑی نوعیت کی مندی کا سامنا کرنا پڑا اور پی ایس ایکس کی تاریخ میں پہلی بار 3505 پوائنٹس کی بڑی مندی کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 94574پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔